Pages

Wednesday 20 March 2019

ہیپی برتھ ڈے ابا جی




آپ کا کوئی بچہ آپ سے پوائنٹ آف نو ریٹرن پر جا کہ اختلاف نہیں کرتا تو آپ کا کوئی بچہ آپ سے پوائنٹ آف نو ریٹرن پر جا کہ محبت بھی نہیں کرتا سوائے ہمارے۔جب آپ سے اختلاف پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچے تو جانا کہ زندگی میں پوائنٹ آف نو ریٹرن کچھ نہیں ہوتا یا کم سے کم محبتوں میں تو نہیں ہوتا۔ کیسا ہی کڑا موڑ کیوں نہ ہو وہاں سے واپس آیا جا سکتا ہے بشرطیکہ واپس آنا چاہے کوئی۔دراصل میں۔کہنا یہ چاہ رہی ہوں کہ آپ کا کوئی بچہ نفسیاتی نہیں ہے سوائے ہمارے۔اس میں خوشی کی خبر یہ ہے کہ آپ کے تقریبا سارے بچے نارمل ہیں اور تقریبا کے اُس طرف کھڑے ہیں ہم۔ اب اتنا سا کولیکٹرل ڈیمج تو ہو ہی جاتا ہے نا جنگ اور محبت میں۔
خیر آپ سے محبت ثابت کرنا پڑے ایسے بھی حالات نہیں۔اک ذرا سے نفسیاتی ہیں ہم اور تو کوئی بات نہیں۔
میں کہا کرتی ہوں کہ محبت کا ایک رنگ لائٹ براؤن ہے کیونکہ وہ آپ کی آنکھوں کا رنگ ہے۔
محبت کا ایک رنگ کالا بھی ہے وہ جو آپ پہنتے ہیں۔اور محبت کا ایک رنگ فکر مندی کا سرمئی ہے۔ وہ آپ کے چہرے پہ چھایا ہوتا ہے جب آپ گھر آئے بچوں سے پوچھتے ہیں خوش ہو نا خوش تو ہو نا۔
محبت کا نارنجی بھی ہے جو آپ کے چہرے کے سارے تاثرات چھپا لیتا ہے جب آپ بیٹیوں کے "مستقبل" کی بات کرتے ہیں۔
اور محبت کا ایک رنگ وہ گہرے تفکر میں لپٹا گہرا بھورا ہے جو آپ کے اردگرد ہالہ کئے رکھتا ہے جب بیٹی کو "ملنے" کوئی آئے۔
محبت کی ایک رمز وہ پینک ہے جس کی آڑ میں آپ پریشانی چھپاتے ہیں وہ خاموشی ہے جس کے پیچھے اندیشے چھپا لیتے ہیں۔
اور محبت کا ایک رنگ وہ ایگریشن بھی ہے جو بیٹی کے شکایت لگانے پر آپ دکھاتے ہیں دنیا کو۔😁 محبت کا یہ رنگ مجھ میں بھی ہے تھوڑا سا۔
تھوڑا سا تو آپ پر ہی گئے ہیں۔ہم سب۔
آپ کے ایک بچے نے آپ سے دوست بنانا ان پر اندھا اعتماد کرنا سیکھا ہے۔
دوسرے بچے میں ایگریشن آیا ہے اور سٹریٹ فارورڈ ہونا بھی شائد۔ 
آپ کا ایک بچہ آپکی ساری کھانے پینے کی عادات لے کر زمیں پر اترا ہے۔
اور آپ نے ہم نے کسی نے غور نہیں کیا۔آپ کے ایک بچے میں آپ ہی کی طرح پریشانی میں حل سوچنے کی عادت ہے۔ وہ کسی بھی طرح کے حالات میں مایوس نہیں ہوتا۔
ہم سب میں تھوڑے تھوڑے آپ بستے ہیں اور ہم سب مل کر آپ بنتے ہیں۔
ہم دنیا میں تعلقات بھی بناتے ہیں رشتے بھی انہیں نبھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں کوشش میں کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔ لیکن ایک سرخ لکیر ہے جس کے اس پار کوئی تعلق نہیں۔ جب کوئی اس لکیر کی طرف دھکیلتا ہے جس میں چوائس ایک رکھنی ہو تو آپ کے بچوں کی ایلٹیمیٹ چوائس آپ ہی ہوتے ہیں اور اس پر کیسا کمپرومائز؟
اور ہاں کسی کی براؤن آنکھوں میں کسے کے چہرے کے تل میں کسی کے بلڈ گروپ میں اور کسی کے گھنگھریالے بالوں میں بھی آپ موجود رہتے ہیں۔
اور میرے ہنہہ کہہ کے ناک سکورنے میں جو آپ ہی کی طرح اکثر باتوں کا آفیشل ریسپانس ہوتا ہے۔ان باتوں کا جنہیں ہم درخوئے اعتنا نہیں سمجھتے۔
مجھے یہ مکمل کرنا نہیں آرہی۔تحریر ویسے محبتوں کے اظہار کو نامکمل ہی رہنا چاہیے تاکہ اس میں تکمیل کی خو باقی رہے۔
بس یہ کہ آپ جییں ہزااااروں سال۔
ہم حشر کی صبح بھی آپکو دائم دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
اور پلیز میری بک واپس کردیں پڑھ کے دے دوں گی۔ابھی تو شروع ہی کی تھی۔
ہیپی والا برتھڈے ابا۔

No comments:

Post a Comment