Pages

Wednesday 15 March 2017

ویرانی


میں نے پوچھا 'رہتے کہاں ہو؟'
فوراً بولا 'سڑک پہ، باجی ___'
الجھے بالوں، ننگے پیروں
میلے ہاتھوں، خالی آنکھوں والے
چھوٹے سے بچے نے
کیسی کڑوی بات کہی تھی
ہاتھ میں شاپنگ بیگز اٹھائے
سوچ میں ڈوبے
اپنے چہرے پر گرتی
بارش کی ننھی بوندوں سے
جاتی سردی کا لطف اٹھاتے 
چلتے چلتے__
اس کو دیکھ کے ٹھٹھک گئی تھی
جس کی خالی آنکھ نے مجھ کو 
کیا جانے کس خواب نگر سے
لا کر زمین پہ پٹخ دیا تھا
کیسی تلخی اور کیسا دکھ
اس کی آنکھ سے چھلک رہا تھا
بالکل جیسے پھول سے خوشبو
اور تتلی سے رنگ جدا ہو
یا جیسے بےنور ہو سورج
اور حسرت سے دیکھ رہا ہو
ویسا ہی ویران تاثر
اس کی خالی آنکھ میں بھی تھا
#سحرش_عثمان

Wednesday 8 March 2017

یومِ نسواں؛ لیجیے مبارک باد

آج کے دن، گھر کی چار دیواری میں مستور سے چائے کا کپ بنوا کر، سوشل میڈیا پر باہر والی کے مرد کے ظلم پر ہم دردی جتانے والے تمام نیک دِل مردوں کو خواتین کا عالمی دن بہت بہت مبارک ہو۔
ابا، بھائی، یا شوہر کی کمائی سے انٹرنیٹ پیکج استعمال کرتے ہوئے، مرد کو کوسنے دینے والی، کہ سارے مرد ایک جیسے ہوتے ہیں، ایسی شیر دِل مسمات کو خواتین کا عالمی دن مبارک۔
آپ لوگ سدا ہنستے کھیلتے خوشیاں بانٹتے رہیں، دوستو۔ آپ ہی کے دم سے رونق ہے؛ وہ جو ہنستے کھیلتے لڑتے جھگڑتے، مستورات کے حقوق کی صدا بلند کرتے رہتے ہیں۔ مبارک باد کے مستحق ہیں۔
سسرال سے لاکھوں کا جہیز لینے والے، سوشل میڈیا پر خواتین کے حقوق والی پروفائل پکچر لگانے والے، انتہائی شریف مہذب لڑکوں کو بھی یوم نسواں مبارک۔
دو تین لاکھ کا عروسی جوڑا پہن کر شادی کے مسائل پر گفت گو کرنے والی دُلھنوں کو بھی آج کا دن مبارک۔
جہیز میں آئی گاڑی میں بیٹھ کے عورتوں کے اسراف پر درس دینے والوں کو بھی مبارک باد۔
بیٹیوں کو محض ان کا مقام دینے کے لیے بیٹا پکارنے والے، معاشرے کے منافق افراد کا ساتھ دینے والے ماں باپ کو بھی مبارک۔
حلق کے پورے زور سے رب کے حکم سنانے والوں اور اسی حکم کی آڑ میں بیٹی کی اس کی مرضی و منشا کے بغیر شادی کرنے والوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے آج کا دن مبارک۔
ڈی پی پر پھول دھنک ستارے سجا کر
ان باکس میں رُخ روشن کا دیدار کروانے والیوں اور جلوہ دیکھنے والوں کو یہ سنہرا دن مبارک۔
کمینہ دیکھتا کیوں نہیں، اور دیکھ کمینی۔ والوں کو بھی مبارک۔
ٹریٹ بلیڈ سے لے کر ٹرک کے ٹائر کے اشتہار تک، خاتون کی موجودی کو مساوی حقوق کا نام دینے والوں کو مارچ کا یہ دن مبارک۔
آنسہ کو ان باکس میں اس کی اوقات بتانے والوں کو۔ بیٹے، بھائی کے لیے اپنی ہی جنس کا رنگ قد دانت بال ماپنے والیوں کو۔ تمھی‍ں، تمھاری جاب پر۔ آج کے خصوصی دن مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔
صاحبہ کو اس کے پروفیشن کے خانوں میں تقسیم کرتی سوچ کو مبارک۔
محبت کے وعدوں میں کسی کے سیلف ایسٹیم کو روندنے والو! تمھیں بھلا کیسے بھلایا جا سکتا ہے۔ سو مبارک باد قبول کرو۔ آج کا سورج تمھاری انا کو گنے کا رس پلانے کے واسطے ہی تو طلوع ہوتا ہے۔
اور ہاں۔ کیا کسی کو وہ لفظ یاد ہیں؟
اور تم میں سے کچھ لوگ جب بیٹی کی پیدائش کی خبر پاتے ہیں، تو ان کے چہرے سیاہ پڑ جاتے ہیں۔ 
ان رُوسیاہوں کو بھی مبارک باد۔
آج کا دن ہر دوغلے کے نام۔
ہمیں دوغلے رویوں سے پیار ہے۔ ہم سبھی تھوڑے سے۔ ذرا سے۔ معمولی سے۔ دوغلے ہیں؛ ہے ناں؟