Pages

Tuesday 28 August 2018

نئی زندگی کا آغاز


دو دن کی اعصاب شکن اور درد ناک لڑائی میں درد خوف تکلیف خدشے واہمے اندیشے ہارگئے۔اور زندگی جیت گئی۔یہ ہی زندگی ہے۔ہر مشکل کے ساتھ آسانی والی۔تمہاری ماں نے بالکل صحیح نام سوچا ہے ابراہیم اس مہینے میں پیدا ہونا اور ابراہیم نام پانا لازم و ملزوم ہے۔آج تمہاری ماں کی تکلیف نے میرے دل میں خیال جگایا تھا کہ تم اسماعیل ہو اپنی ہاجرہ کے ساتھ تپتے صحرا میں اکیلے۔ صرف تم دو تھے۔ اور تمہاری ہاجرہ تمہارے لئے سعی کررہی تھی۔ کرب و وحشت میں۔ جب ڈاکٹر نے کہا تم تھکنے لگے ہو تو مجھے یقین نہیں آیا۔
ڈاکٹر سے کہیں۔زیادہ مجھے ہاجرہ کی سعی پر یقین تھا۔کہ ہاجرہ اپنے اسماعیل کے لیے زم زم نکلوا کے چھوڑتی ہے۔
مجھے آج سمجھ آیا ماں کو ماں کیوں بنایا رب نے اور کیسے۔
جیو ہزاروں سال دودھ نہاو پوتو پھلو خوشیاں پاؤ۔

تین دن سے تم نے جو تنگ کر کے رکھا تھا اس کا حساب تمہاری خالہ چکتا کرے گی۔ 
نرس نے لا،کر شیٹ میں لپٹے تم پکڑائے تو تمہاری خالہ رو پڑی تھی۔ زندگی کے اس موڑ پر کیا اظہار کرنا تھا نہیں۔معلوم تھا۔ رب اپنے بندے کو اس کی اوقات سے کہیں زیادہ نوازتا ہے۔ یہ تمہیں گود میں اٹھانے کے بعد کے احساسات تھے۔
خیر تمہاری خالہ تمہارے لئے کہانیاں لکھتی رہے گی۔ آج کے لیے بس اتنا کہ رب تمہیں صالح اور امیں بنائے۔احساس کی دولت بخشے۔محبت کی رمز سکھائے۔اور علم کا نور عطا کرے۔
ابراہیم کی طرح تم بت شکن بن جاؤ۔ تعصبات کے بت توڑو روآجوں کے مندر ڈھاؤ۔خوش رہو۔
تمہاری آنا خالہ۔

No comments:

Post a Comment