Pages

Friday 15 September 2017

آنا_کا_جگنو


آپ نماز میں کھڑے ہوں اور ابھی رابطہ شروع ہی ہوا ہو کہ کوئی پیچھے سے دوپٹہ کھینچ لے کہ ڈییٹہ نہیں لیں۔
ابھی آپ اس افتاد سے بمشکل سنبھل کر سجدہ کریں اور آپ کو دھکا دیا جائے کہ یہ ایمو کا جائے نمازش ہے-اتھ جائیں
آپ کچن میں کھڑے ہوں اور کوئی آ کر کہے آپ مجھے شبت بنا کر دیں- کونسا شبت؟ یڈ والا
آپ فریج کھولیں اور کوئی فورا حاضر ہو کر حکم لگائے ایمو سپائٹ پیے گا
آپ چالاکی دکھانے کی کوشش کرتے ہوئے دودھ والا جگ آگے کھینچ کر پوچھیں کہاں سپرائٹ مجھے نظر نہیں آرہی آپ سے کہا جائے وہ پیچھے ہے گوین کلوو کی
آپ کہیں وہ تو فنش ہوگئی تھی
اور آپ سے کہا جائے ایمو ڈسٹ بن دیکھے گا- تو یقین کر لیں ایسے ہی کسی بچے کو آپکے لیے بھیجا جانا چاہیے تھا-جو آپ کی ساری چالاکیوں کا جواب، بلکہ منہ توڑ جواب دے سکے
تو پیارے جگنو آنا بہت زیادہ مس کر رہی ہے آپکو
آپ میرے بہترین احساسات میں سے ایک ہیں
جب آپ مجھے کہتی ہیں آنا اچھی آنا بہت اچھی آنا تو مجھے گمان گزرتا ہے بہت نہیں تو تھوڑی سی اچھی تو ہوں گی ہی- میرا جگنو جھوٹ نہیں بولتا
جب آپ مجھے بتاتی ہیں یہ جس آواز سے آپ مجھے ڈرانے کی کوشش کر رہی ہیں یہ جنی کی آواز نہیں ایمبو لییکش( ایمبولینس) کی آواز ہے تو میں دل سے ہنستی ہوں یہ سوچ کر کے آپ ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں
پیارے جگنو آپ میرے خیال میں بسی روشنی جیسے ہیں جو مجھے میرے احساسات کو میرے تخیل کو نیا پن بخشتا ہے
آپ کو تو یاد بھی نہیں ہوگا اللہ نہ کرے وہ منظر یاد ہو آپکو- پر مجھے یاد ہے جب آپ مجھ پر تابڑ توڑ حملے کر رہی تھیں اور میں نے بے ساختہ ہاتھ پر چپت لگا دی تھی- آپ نے آنکھوں میں آنسو بھر کے پوچھا تھا آپ نے مجھے کیوں مارا- :'( اور اپنی پھپھو کے اگلے جذباتی سین پر آپ نے کہا تھا آپ نہیں روئیں ایمو آپ شے ناراضش نہیں ہے- آئیم سوری جگنو آپ کے ہاتھ پہ مارا جا سکتا ہی نہیں ہے_آپ کو اندازہ بھی نہیں اس چپت کا دکھ ہمیشہ رہے گا آنا کو- سوچیں تو کیسی بے بسی ہے- خوشگوار بے بسی جگنووائلنٹ ایگریسو آنا چپت پر شرمندہ اور دکھی ہے- آپ شاید نہ سمجھیں یہ بھی محبت کی دین ہے- یہ خوشگوار سی بے بسی- یہ اختیار کو بے اختیار کر دینے کی خواہش یہ سب محبت کا پھیلاؤ ہے- آپ نے مجھے محبت کا صحیح مطلب سمجھایا ہے- جب آپ باہر کھڑی ہو کر آواز لگاتیں ہیں آنا چئیرز لے کے آئیں اور یہ کہ ٹو ٹین آملیٹس باہر دے دیں- یا پھر یہ کہ سارے لالی کوپ دے دیں- کیوں کہ آپکی کی ویہلی سہیلیاں آپ کے ہمراہ ہوتی ہیں- یا پھر آپ پیچھے سے آ کر کہتی ہیں آپ ہمیں شموشے بنا کر دیں- ان سارے موقعوں پر آپ مجھے چھوٹی سے تتلی لگتی ہیں جو اپنی ذات کے سارے رنگ میری ہتھیلی پہ پھیلاتی جا رہی ہو
آپ سمیت سب کے لیے یہ عام بہت ہی عام باتیں ہوں گی- یہ ہیں بھی عام ہی شاید- پر مجھے لگتا ہے جیسے یہ ساری باتیں خوشبو جیسی ہیں جو میرے خیال کو مہکتا رکھتی ہیں
جب آپکے ساتھ دو گھنٹے سلانے کی ناکام ترین کوشش کر کے میں نے اٹھ کر لائٹ آن کی تھی اور آپ نے غصے سے پوچھا تھا آپ نے لائٹ آن کیوں کی ایمو شو لا تھا
تو اس وقت جی چاہا تھا آپ سے کہا جائے ایمو شو لا نہیں ایمو شعلہ ہے وہ بھی بھڑکتا ہوا- جو اس کو چھوئے گا وہ جل جائے گا
میں سیلف سینٹرڈ ہو رہی ہوں میرا جی چاہتا ہے یہ وقت یہیں ٹھہر جائے۔ آپ کا یہ خوبصورت فیز- مجھے لگتا ہے آپ کی پیاری باتیں پازیٹو ویوز بناتی ہیں، مثبت چارج، جو اندر سکون بھرتا جاتا ہے-آپ کو بڑا ہوتا ہوا دیکھ کر اندر کے مستقل اداس شخص کی اداسی میں اضافہ ہوتا جاتا ہے- آپ کو بڑا ہوتا دیکھنا، گدھوں کی ریس میں شامل ہوتا دیکھنا، بے حسوں کے گروہوں میں شامل ہوتا دیکھنا، بالکل خوشگوار تجربہ نہیں ہے- کیا ہو جو وقت یہیں ٹھہر جائے کچھ دیر کو- میں اور آپ کچھ رنگوں کی باتیں کر لیں تتلیوں کے پیچھے بھاگ لیں پھول توڑ کے ہتھیلی پہ دھر کے اس کو سونگھ سکیں- آپ کی آنکھوں کی چمک کو میں کچھ دیر کو اپنے اندر سمو لوں- آپ تھک کر میری گود میں سو جائیں تو آپ کے چہرے پہ پھیلتی معصومیت کی شفق کو میں ذرہ ذرہ سمیٹ لوں- پتا نہیں مجھے کیوں لگتا ہے آپ کے ساتھ بات کرتے کرتے کسی دن میرے لفظ ختم ہوجائیں گے اور بات ادھوری رہ جائے گی-
اچھاـ آخری بات سنیں___ جب آپ کہتیں ہیں پولیس انکل____ آنا کو لے جائیں- تو کوئی میرے اندر ہنستا ہے زور سے یہ سوچ کر کہ اس پوری دنیا میں صرف آپ ہیں جو میری قابل دست اندازی پولیس حرکتوں پر پولیس کو بلا بھی لیتی ہیں
آپ کا اور میرا تعلق کسی زمینی رشتے کا محتاج نہیں میں کسی رشتے کے بغیر بھی آپ کی آنا ہی ہوں بالکل ویسے جب آپ کو کہا گیا تھا کہ آنا آپکی پھپھو ہیں اور آپ نے جواباً کہا تھا پاگل ہو! یہ تو آنا ہے
آپ کے مسلسل بڑے ہونے پہ تھوڑی سی اداس آنا
ایمو کی آنا


1 comment: